صیہونیوں کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ اقدامات کا سلسلہ جاری
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ کے جنوب اور مغربی کنارے میں اپنے توسیع پسندانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کے مطابق صیہونی بلڈوزروں نے غزہ اور مقبوضہ علاقوں کے درمیان حائل دیوار سے عبور کر کے بعض علاقوں میں تخریبی اقدامات انجام دئے۔
مغربی کنارے کے شہر نابلس کے بیت دجن علاقے سے بھی اطلاعات ہیں کہ صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی مزید سرزمین ہڑپنے اور ان پر اپنا قبضہ جمانے کے مقصد سے خطے میں ایک شاہراہ قائم کر دی ہے۔
اُدھر مشرقی رام اللہ میں واقع ترمسعیا ٹاؤن کے قریب صیہونی آبادکاروں نے ایک فلسطینی کی کار پر پتھراؤ کر دیا جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور اور اُس کا کمسن بچہ زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور مقبوضہ علاقوں میں بسے صیہونی آبادکار فلسطینیوں کی آراضی کو تباہ، مکانات کو مسمار اور انکے باغات کو تاراج کر کے اپنے توسیع پسندانہ مںصوبوں پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ عمل پیرا ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل مقبوضہ علاقوں میں صیہونی آبادکاری کو بارہا غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسکی فوری روک تھام کا مطالبہ کر چکے ہیں۔