طالبان نے جن علاقوں پر قبضہ کیا ان کو واپس لیں گے:افغان صدر اشرف غنی
افغانستان کے صدر نے کہا ہے کہ افغان طالبان امن نہیں چاہتے ۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نےاعلی فوجی اور سیاسی حکام کی موجودگی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان امن نہیں چاہتے اور طالبان کے حملے غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے طالبان کے حملوں کے مقابلے میں افغانستان کی سکیورٹی فورسز کی استقامت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں پر طالبان نے قبضہ کیا ہے ان کو واپس لیں گے۔
افغان صدر نے کہا کہ انہوں نے اتمام حجت کے لیے وفد دوحہ بھیجا تھا لیکن طالبان امن کی نیت نہیں رکھتے۔ طالبان کے برعکس افغان حکومت امن اور صلح کا ارادہ رکھتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دنیا پر طالبان کے 5000 قیدی رہا کرتے وقت واضح کر دیا تھا کہ طالبان دھوکہ و فریب دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان کی طرف سے حالیہ عرصے میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور کئی عالمی اداروں نے طالبان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی پرتشدد کارروائیاں ترک کر دیں تاکہ وہ اپنے ان دعوؤں کو سچ ثابت کر سکیں کہ وہ افغان تنازعے کے اختتام اور افغانستان میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔