Jul ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • افغان فورسز کے حملوں میں سیکڑوں طالبان ہلاک

افغانستان کے مختلف علاقوں میں سرکاری افواج اور طالبان کے درمیان جنگ جاری ہے۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق افغانستان کی فوج نے ملک کے تیرہ صوبوں میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا جس میں طالبان کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لغمان، ننگرہار، نورستان، کنڑ، غزنی، پکتیکا، قندھار، ہرات، بلخ، جوزجان، ہلمند، قندوز اور کاپیسا میں ہونے والے آپریشن کے دوران کم از کم دوسو ساٹھ طالبان ہلاک جبکہ ایک سو پچہتر سے زائد زخمی ہو گئے۔ ان آپریشنوں کے دوران بھاری مقدار میں طالبان کے اسلحے اور جنگی ساز و سامان کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب قندہار کی صوبائی کونسل کے رکن فدا محمد افغان نے بتایا ہے کہ اسپین بولدک کے طالبان کے ہاتھوں سقوط کر جانے کے بعد کم از کم سو عام شہری پُر اسرار طریقے سے قتل کر دئے گئے ہیں۔ انہوں نے مجرموں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کی سرحد سے ملنے والا اسپین بولدک ضلع طالبان کے قبضے میں ہے اور یہ علاقہ دہشتگرد گروہوں کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

ٹیگس