یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملے
یمن کے مختلف علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کے حملے جاری ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے یمن کے مرکزی صوبے مآرب کے العبدیہ ضلع پر تین بار بمباری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جاری سعودی اتحاد کی جانب سے صوبہ جوف کے خب الشعف ضلع میں واقع الظھرہ علاقے کو بھی دو بار حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
درایں اثنا یمن کے فوجی ذرائع نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے الحدیدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہنے کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جارح سعودی اتحاد نے اس صوبے کو ایک سو چھتیس بار توپخانوں اور نیم بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا کر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ دنوں کے دوران صوبہ مآرب ، الجوف اور صعدہ پر کئی بار بمباری کی ہے۔
سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحانہ حملوں کا نشانہ بنانے کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔