داعش کے 7 سہولت کار گرفتار 2 بم برآمد
عراق کی عوامی رضا کار فورس حشد الشعبی نےصوبہ صلاح الدین میں داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
العہد کی رپورٹ کے مطابق حشد الشعبی نے صوبہ صلاح الدین کے العجیلیہ علاقے میں داعش دہشتگردوں کی در اندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا جبکہ حشد الشعبی کے جوانوں کی فائرنگ سے تکفیری دہشتگرد فرار کر گئے۔
دوسری جانب عراق کی سکیورٹی فورسز نے داعش اور اسی طرح دوسرے دہشتگردوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے کرکوک سے داعش کے 7 سہولت کاروں کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 بم برآمد کئے۔
عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور فوج نےعراق کے شمالی صوبوں کرکوک اور صلاح الدین میں امن و امان برقرار کرنے کیلئے منگل کے روز سے ایک آپریشن شروع کیا ہے جو 10 روز تک جاری رہے گا۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، اپنے ملک کی دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور وہ مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز میں شامل ہے اور خاص طور سے داعشی عناصر کے خلاف وہ مکمل طور پر سرگرم عمل ہے۔
یاد رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس تکفیری گروہ کے کچھ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائیاں کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، حالانکہ الیوم السابع کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز عراق کے شہر موصل اور کرکوک میں روپوش اور باقیماندہ داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔