کابل، امریکی فوجیوں کی فائرنگ، جہاز سے گرنے اور کچلے جانے کے باعث دس ہلاک
افغان دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر غیر ملکی فوجیوں کی فائرنگ، طیارے سے گرنے اور مجمع تلے کچلے جانے کے باعث کم سے کم دس افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا پریس اور طلوع نیوز کے مطابق طالبان کے خوف سے فرار ہونے والے ہزاروں لوگ جو گزشتہ شب کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے تھے ملک سے باہر جانے کی امید پر رن وے تک آگئے تھے۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد میں بڑی تعداد ان افراد کی تھی جنکو امریکیوں نے یہ وعدہ دیا تھا کہ اگر وہ انکے ساتھ دو سال تک تعاون کریں گے تو انہیں امریکہ کا ویزا دے دیا جائے گا، مگر امریکہ نے ملک پر طالبان کا کنٹرول ہو جانے کے بعد انہیں مایوس کر دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کابل ایئر پورٹ پر امریکی فوجیوں کی فائرنگ، ہوائی جہاز کے پروں سے گرنے اور کچلے جانے کے بعد دس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
اس واقعے سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلوں پر چلنے والی فوٹیج میں ہولناک مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان نے اتوار کے روز پورے افغانستان پر قبضہ کرلیا ہے اور اب انہوں نے کابل کے ایوان صدر پر اپنا پرچم بھی لہرا دیا ہے۔