Aug ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • طالبان کو کسی قیمت پر تسلیم نہیں کریں گے: احمد مسعود+ ویڈیو

افغانستان کے قومی ہیرو مرحوم احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے اپنے ملک سے چلے جانے پر مبنی گشت کر رہیں افواہوں پر کیمرے کے سامنے آ کر پانی پھیر دیا۔

احمد مسعود نے اعلان کیا ہے کہ وہ  پنجشیر میں طالبان کے خلاف بدستور ڈٹے ہوئے ہیں اور طالبان کو کسی قیمت پر اس خطے میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے طالبان مخالف محاذ سے اپیل کی ہے کہ وہ اُن کا مقابلہ کرنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور پنجشیر میں آکر اکٹھا ہوں۔

ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ فیس بک پر بہت کچھ حقائق کے خلاف نشر کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ شیر پنجشیر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ ملک سے فرار کر گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ خطۂ درہ پنجشیر دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع ہے جو واحد ایسا صوبہ ہے جہاں اب تک طالبان اپنا قبضہ نہیں جما سکے ہیں اور وہاں احمد مسعود کی سرکردگی میں عوامی مزاحمت بدستور جاری ہے۔ طالبان بہت قلیل وقت میں افغانستان کے تقریبا سبھی صوبوں پر اپنا تسلط جمانے میں کامیاب رہے مگر اب تک انہیں پنجشیر کی عوامی مزاحمت کے باعث وہاں قبضہ حاصل کرنے میں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا ہے۔

یہ نکتہ بھی قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے درہ پنجشیر نامی خطے سے تعلق رکھنے والے احمد شاہ مسعود افغانستان کے وزیر دفاع بھی رہ چکے تھے اور انہوں نے افغانستان کی خانہ جنگی، طالبان کے سابق دور حکومت اور اسی طرح سوویت یونین کے خلاف جنگ میں نہایت اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ ایک قومی ہیرو کے طور پر پہچانے جانے تھے۔ احمد شاہ مسعود گیارہ ستمبر کے واقعے سے دو روز قبل القاعدہ کے ایک دہشتگردانہ دھماکے میں مارے گئے۔

 
احمد مسعود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پنجشیر میں موجود ہیں، انہوں نے اپنے ملک سے چلے جانے کی خبر کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیا
 
 

پنجشیر کی عوامی مزاحمت کو سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

ٹیگس