Aug ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خلاف مقابلہ آرائی ہماری اولین ترجیح ہے: سید حسن نصراللہ 

حزب اللہ کے سربراہ نے عاشورائے حسینی کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں زور دے کر کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے خلاف مقابلہ آرائی ہماری اولین ترجیحات میں ہے۔ 

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے جمعرات کو عاشورائے حسینی کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورائے حسینی دنیا کے تمام شریفوں اور غیرت مندوں کے لئے ایک پیغام ہے اور وہ یہ کہ فلسطین کی مظلوم قوم اور اس ملک کے عوام کا ساتھ دیں اور ان کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔

سید حسن نصراللہ نے غرب اردن، محصور غزہ پٹی اور پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی بسر کرنے والے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے اور ان کی زمینیں انھیں واپس دلانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسے دن کا انتظار ہے جب غاصب صیہونی، فلسطین سے باہر نکل چکے ہوں۔ انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ استقامت کو جاری رکھا جائے اور اسے جاری رکھنا صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ تمام استقامتی گروہوں کا نصب العین بن جائے.

حزب اللہ کے سربراہ نے فلسطین کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لئے عراقی گروہوں کی آمادگی کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صیہونیوں کو عراقی استقامتی تنظیموں اور آئندہ ہونے والی ایک بڑی جنگ میں عراق کے کردار سے خوف و ہراس ہے. انھوں نے کہا کہ علاقے میں فلسطینی استقامت کے ساتھ استقامتی گروہوں کے تعاون سے فلسطین کی آزادی کی امید بڑھ جائے گی.

سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ دنیا میں ہونے والی ہر طرح کی سرکشی ، مظالم اور قوموں کو غلام بنانے کے جرائم میں سب سے آگے ہے. انھوں نے زور دے کر کہا کہ علاقے کے ممالک اور ان کے ذخائر کو امریکہ کی ہرقسم کی لوٹ مار سے محفوظ اور یہ ان ممالک کے عوام کے اختیار میں ہونا چاہئے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ کی شکست کے بعد اس وقت وہ عراق اور شام میں اپنا غاصبانہ قبضہ جاری رکھنے اور اپنے پیر جمائے رکھنے کی کوشش کررہا ہے۔ بنا بریں عراقیوں کو بھی چاہئے کہ افغانستان کے تجربے کو مد نظر رکھیں اور سیکورٹی اہلکاروں کی ٹریننگ اور فوجی مشیروں کے بہانے بھی امریکی فوجیوں کو اپنے ملک میں ٹھہرنے نہ دیں ۔

 

 

ٹیگس