Aug ۲۰, ۲۰۲۱ ۰۱:۲۸ Asia/Tehran
  • طالبان نے ایک خاتون نیوز کاسٹر کو کام کرنے سے روک دیا

طالبان نے ایک نیوز کاسٹر کو اُس کے کام سے روک دیا جبکہ دوسری جانب کابل میں افغان خواتین نے اکٹھا ہو کر اپنے حقوق کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

طلوع نیوز کے مطابق افغانستان کے قومی ٹی وی چینل کی خاتون نیوز کاسٹر شبنم خان دروان کو طالبان نے اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی۔
متاثرہ خاتون کے مطابق جس وقت انہوں نے گزشتہ روز معمول کے مطابق ڈیوٹی پر جانے کا ارادہ کیا تو طالبان نے اُن سے کہا کہ اب تم اپنےکام کو جاری نہیں رکھ سکتیں، نظام بدل چکا ہے اور اب تمہارے کام کے سلسلے میں از سر نو فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ایسے عالم میں طالبان کا یہ غیر معقول اقدام سامنے آیا ہے کہ اس سے قبل طالبان کے ایک رہنما اور افغانسان کی وزارت اطلاعات و نشریات کے نگراں ذبیح اللہ مجاہد نے یہ اعلان کیا تھا کہ خواتین طالبان کے دور حکومت میں شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ افغان خواتین نے کابل میں اجتماع کر کے مفرور صدر اشرف غنی کے خلاف مقدمہ چلانے اور تمام شعبوں میں خواتین کے حقوق کا خیال رکھے جانے کا مطالبہ کیا۔
شفقنا نیوز کے مطابق خواتین نے ایسے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’’غنی پر مقدمہ چلایا جائے‘‘، ’’بیت المال کا پیسہ لوٹایا جائے‘‘ اور ’’خواتین سے تعلیم اور ملازمت کا حق نہ چھینا جائے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ 

ٹیگس