Aug ۲۳, ۲۰۲۱ ۰۱:۰۱ Asia/Tehran
  • جنگ کے خواہاں نہيں مگر طالبان نے پنج شیر میں قدم رکھا تو جنگ کے لئے تیار ہيں ، احمد مسعود

افغانستان کے قومی ہیرو کے بیٹے نے کہا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ جامع حکومت کی تشکیل کی غرض سے مذاکرات پر آمادہ ہيں لیکن زور زبردستی کے آگے جھکنے والے نہيں ہیں ۔

          احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے کہا  ہے کہ انہيں طالبان کے ساتھ صلح  اور مشترکہ حکومت میں دلچسپی ہے لیکن زور و زبردستی قبول نہیں کریں گے۔

          احمد مسعود نے الشرق الاوسط سے ایک گفتگو میں کہا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ صلح کے لئے اپنے باپ کے خون کو بھی فراموش کرنے پر تیار ہيں کیونکہ انہيں افغانستان کی پائیداری اور سیکوریٹی سے دلچسپی ہے ۔

          انہوں نے کہا کہ ہم طالبان سے گفتگو کے لئے تیار ہیں اور ان سے رابطے میں ہيں، یہاں تک کہ میرے والد نے بھی طالبان سے بات چیت کی تھی ، یہاں تک کہ سن انیس سو چھیانوے میں وہ بغیر ہتھیار اور محافظوں کے کابل سے باہر گئے اور طالبان سے کہا کہ تمہيں کیا چاہیے ؟ دین اسلام پر عمل در آمد ؟ ہم بھی مسلمان ہيں اور امن کے خواہاں ہيں اس لئے آئيں ہم سب مل کر کام کریں ۔

          احمد مسعود نے کہا کہ ان حالات میں طالبان ، ہتھیاروں کے زور پر اپنی خواہش مسلط کرنا چاہتے ہيں اور یہ چیز ہم قبول نہيں کر سکتے۔

          انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں لیکن اگر طالبان پنج شیر میں داخل ہوئے تو ہم ان سے جنگ کریں گے ، وہ بغیر ہتھیار کے آرام سے یہاں آ سکتے ہيں لیکن اگر بندوق کے ساتھ آئے تو ہم آخری مرد تک اپنا دفاع کریں گے ان حالات میں امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے بھلے وہ اس کے لئے طالبان کے ساتھ صلح ہی کیوں نہ کرنا پڑے ۔

واضح رہے شمالی افغانستان کا پنج شیر اب بھی طالبان کے تسلط سے بچا ہوا ہے ۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

ٹیگس