عراق میں داعش کا منصوبہ ناکام، متعدد راکٹ اور میزائل بر آمد
عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی نے داعش دہشتگردوں کے ایک دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔
ینگ جرنلسٹ کلب کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی نے کہا ہے کہ صوبہ دیالہ کے شہر خانقین کے علاقے الشیخ بابا پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملہ کرنے کے دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے متعدد راکٹوں اور میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، اپنے ملک کی دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور وہ مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز میں شامل ہے اور خاص طور سے داعشی عناصر کے خلاف وہ مکمل طور پر سرگرم عمل ہے۔
یاد رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس تکفیری گروہ کے کچھ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کارروائیاں کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔