اگر صیہونیوں کے پاس ایٹم بم ہے تو ہمیں بھی ہتھیار رکھنے کا حق ہے: حماس
اسلامی استقامتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہرممکن راستہ اختیار کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
حماس کے رہنما محمود الزھار نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس ایٹم بم موجود ہے، لہذا یہ بات کسی طور منطقی نہیں کہ فلسطینیوں کے پاس اپنے دفاع کے لیے بندوق بھی نہ ہو۔
انہوں کہا کہ ہم ایسی جنگ کے خواہاں ہیں جس کے ذریعے ہمارا وطن آزاد ہو سکے اور یہ کام بغیر حساب کتاب کے ممکن نہیں۔حماس کے رہنما نے کہا کہ غاصبانہ قبضے کے خلاف مزاحمت، جنگ نہیں ہے بلکہ ایک دفاعی تدبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سامراج کے زیرقبضہ بہت سے ملکوں نے مزاحمت کے ذریعے آزادی حاصل کی ہے فلسطینی عوام بھی خود کو اس مقصد کے لیے آمادہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جہاد اسلامی کے ترجمان طارق سلمی نے بھی خبردار کیا ہے کہ اہداف کی تکمیل تک فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت جاری رہے گی۔