Aug ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • کابل میں ہونے والے 3 دھماکوں میں 240 افراد جاں بحق و زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کل ایک بار پھر دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے قریب کل ہونے والے 3 دھماکوں میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 90 افراد جاں بحق جبکہ 150 افراد زخمی  ہوئے۔

پہلا دھماکہ ائیرپورٹ کے باہر بیرن ہوٹل کے سامنے ہوا، کچھ دیر بعد ائیرپورٹ کے گیٹ پر دوسرا دھماکہ ہوا جہاں لوگوں کا جم غفیر جمع تھا۔ جائے وقوعہ پر دل دہلا دینے والے مناظر تھے، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو وہاں سے نکالا۔

افغان صحافی بلال سروری نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ دھماکے کے وقت ائیرپورٹ سے متصل نالے میں افغان شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو کہ وہاں اپنے کاغذات کی جانچ پڑتال کرانا چاہ رہے تھے، عینی شاہدین کے مطابق اس دوران ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ ایک اور حملہ آور نے فائرنگ شروع کردی۔

واضح رہے کہ طالبان کے قبضے میں آئے ہوئے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر اس وقت ساری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں، ایک جانب نیٹو فوجی مکمل انخلا کے منتظر ہیں، دوسری طرف متعدد ممالک کے شہری کابل میں پھنسے ہوئے ہیں، جب کہ افغان شہری بھی بڑی تعداد میں اپنا ملک چھوڑ کر دیگر ممالک میں پناہ حاصل کرنے کے متمنی ہیں۔

ٹیگس