کابل ایئرپورٹ پر راکٹ حملے
کابل ایئرپورٹ پر راکٹ حملوں کے بارے میں متضاد خبریں موصول ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی راکٹ کابل ایئر پورٹ کے قریب جاکر گرے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ یہ راکٹ صبح سویرے ایک گاڑی سے کابل ایئر پورٹ کی جانب فائرکئے گئے ہیں۔امریکی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ان کے ڈیفنس سسٹم نے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی کے تمام راکٹوں کو فضا میں تباہ کردیا گیا ہے۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک راکٹ کابل ائیرپورٹ کے احاطے میں گرا ہے ۔تاحال ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی جبکہ بعض ذرائع کے مطابق داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
گزشتہ روز امریکی ڈرون طیاروں نے کابل میں ایک مکان کو نشانہ بنایا تھا جس میں ایک ہی خاندان کے نو افراد مارے گئے تھے۔ امریکہ نے دعوی کیاہے اس نے داعش کے خودکش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ طالبان نے کابل میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی دوسرے ملک میں اس طرح کا حملہ غیر قانونی ہے ۔