Sep ۰۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • طالبان کے اہم وزرا کا تعین ہو گیا

افغانستان سے موصول ہونے والی خبریں طالبان حکومت کے وزرائے خارجہ اور دفاع کے معین ہو جانے کی حکایت کر رہی ہیں۔

نیوز ایجنسی ریانووستی نے منگل کی شب طالبان کے ایک ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طالبان حکومت کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا تعین کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملا عبد الغنی برادر آخوند کو وزارت خارجہ، طالبان کے بانی ہبت اللہ آخوند زادہ کے بیٹے ملا یعقوب آخوند کو وزارت دفاع اور طالبان کے ایک سینیئر رہنما جلال الدین حقانی کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

طالبان کے مذکورہ ذریعے کا کہنا ہے کہ حکومت کی تشکیل کے حوالے سے صلاح مشورے کا عمل ختم ہو چکا ہے اور جلد ہی نئی حکومت کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل طالبان کے ایک سینیئر رکن نے یہ اعلان کیا تھا کہ تین ستمبر بروز جمعہ طالبان کی نئی حکومت کا اعلان کر دیا جائے گی۔

کابل پر طالبان کے تسلط اور سابق افغان صدر اشرف غنی کے فرار ہو جانے کے بعد حکومت کی کیفیت و ماہیت کے حوالے سے افغان عوام اور عالمی برادری کے ذہنوں میں خاصے ابہامات رہے ہیں۔ باوجود اس کے کہ طالبان اب تک بارہا وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کی بات کر چکے ہیں تاہم اب تک انہوں نے اس کی تفصیلات اور کم و کیف کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔

ٹیگس