Sep ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۴ Asia/Tehran

سخت سکیورٹی کے حامل صیہونی جیل جلبوع سے چھے فلسطینی قیدیوں نے فرار ہوکر صیہونی سکیورٹی اداروں کی ساری حیثیت خاک میں ملا دی ہے۔

فارس نیوز نے صیہونی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع جلبوع جیل سے چھے فلسطینی قیدی سرنگ کھود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار ہونے والے قیدیوں میں مزاحمتی گروہ ’کتائب شہداء الاقصیٰ‘ کے سابق کمانڈر زکریا زبیدی بھی شامل ہیں۔

فلسطینی قیدیوں کے ذریعے کھودی گئی سرنگ

 جیل سے منظر عام پر آنے والی ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سرنگ ٹوائلٹ کے راستے سے کھودی گئی جسکی لمبائی دسیوں میٹر بتائی جاتی ہے۔ اس کا ایک سرا جیل کے ٹوائلٹ کے اندر جبکہ دوسرا جیل کی دیوار سے کچھ میٹر کے فاصلے پر ملا ہے۔

جیل کے قریب صیہونی ہیلی کاپٹر سرچ آپریشن میں مصروف

اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت فرار قیدیوں کا سراغ لگانے کے لئے ہیلی کاپٹر، ڈرون طیاروں اور فوجیوں کی مدد سے سرچ آپریشن بھی کر رہی ہے مگر اب تک وہ مذکورہ فلسطینیوں کو ڈھونڈنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

صیہونی حکومت کا دعوا ہے کہ پانچ قیدیوں کا تعلق فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی جبکہ ایک کا تعلق تحریک فتح سے ہے۔ صیہونی حکام کے درمیان فلسطینی قیدیوں کے فرار بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اس بات کو لے کر پریشان ہیں کہیں فرار ہونے والے فلسطینی قیدی صیہونی حکومت کے خلاف کوئی آپریشن نہ کر بیٹھیں یا پھر یہ کہ وہ سرحد کو پھاند کر اردن نہ پہنچ جائیں۔

مقبوضہ فلسطین کے شہر جنین کے باشندوں کو جب فلسطینی قیدیوں کے فرار کی خبر ملی تو انہوں نے ہوائی فائرنگ کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

صیہونی ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کو خطرناک گردانتے ہوئے اُسے اسرائیل کے سکیورٹی اداروں کی بڑی ناکامی قرار دیا ہے۔

ٹیگس