طالبان کے خلاف افغان عوام کا مظاہرہ، پنجشیر میں طالبان ٹھکانوں پر نا معلوم طیاروں کی بمباری
افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے خلاف شبانہ مظاہروں کی خبریں ہیں۔
آئی آر آئی بی کی ورلرڈ سروس کی رپورٹ کے مطابق افغان عوام نے پیر کی شب دارالحکومت کابل سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں طالبان کے خلاف مظاہرہ کیا۔
کابل سے موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین 'زندہ باد مزاحمت' کے نعرے لگا رہے تھے۔ بتا جا رہا ہے کہ یہ مظاہرہ طالبان مخالف لیڈر احمد مسعود کی کال پر کیا گیا جس میں انہوں نے افغان عوام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ طالبان گروہ کے خلاف قیام کا آغاز کریں۔اس درمیان اطلاعات ہیں کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے پیر کی شب منگل کی علی الصبح صوبے پنجشیر میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
یہ بھی دیکھئے: افغانستان میں پنجشیر پر طالبان کے دعوے کی تردید، پنجشیر محاذ کے کمانڈر پاکستان کے حملے میں مارے گئے، ذرائع ابلاغ کا دعوا
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ حملہ کس گروہ یا ملک کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال کا رخ احمد مسعود کی مزاحمتی فورسز کے حق میں تبدیل ہو چکا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اُن افغان جنگی طیاروں کا ہے جو طالبان کے تسلط سے قبل تاجیکستان اور ازبکستان کی جانب منتقل کر دئے گئے تھے۔
پنجشیر کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت مختلف محاذوں پر طالبان کے ساتھ گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک باضابطہ بیان جاری کر کے پنجشیر پر مکمل طور سے مسلط ہو جانے کی خبر دی تھی۔