افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کا انتباہ
اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت افغانستان کی آدھی آبادی کو انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے مارٹن گریفتھس نے کہا کہ افغانستان میں سرگرم امداد رساں ایجنسیوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے طالبان کی جانب سے کچھ ضمانتوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ اقوام متحدہ کے کارکنوں کو یہ اجازت دی جائے کہ جن افراد کو افغانستان کے کسی بھی گوشے میں انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہو، وہ اُسے فراہم کر سکیں۔
خیال رہے کہ افغانستان کی امداد اور وہاں انسانی المیہ کی روک تھام کے مقصد سے، تیرہ ستمبر کو جینیوا میں اقوام متحدہ کا اجلاس ہوگا۔
یہ اجلاس ایسے حالات میں منعقد ہونے جارہا ہے کہ اقوام متحدہ میں سب سے زیادہ اثر و رسوخ کے حامل ممالک ہی افغانستان میں موجودہ بحران کے اصل ذمہ دار شمار ہوتے ہیں۔