سعودی اتحاد کی طرف 24 گھنٹے میں سیکڑوں بار جنگ بندی کی خلاف ورزی
-
فائل فوٹو
یمنی فوج کی آپریشنل کمان نے بتایا ہے سعودی اتحاد نے الحدیدہ میں گزشتہ ٢٤ گھنٹے میں ٤٢٠ مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
یمنی فوج کی آپریشنل کمان کے مطابق، سعودی اتحاد کے کرایہ کے فوجیوں نے الحدیدہ کے آسمان پر ٢٩ بار ڈرون طیارے بھیجے، کئی بار توپ خانے سے حملے کئے اور ٣٠٠ سے زیادہ مرتبہ فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ سویڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کے بعد ١٨ دسمبر ٢٠١٨ کو مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی شروع ہوئی، لیکن شاید ہی کوئی ایسا دن ہو جب سعودی اتحاد اس کی خلاف ورزی نہ کرتا ہو۔
سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ ٢٠١٥ سے یمن پر حملے کر رہا ہے۔ اس نے یمن کی زمینی، ہوائی اور سمندری ناکہ بندی بھی کر رکھی ہے۔
یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک بیس ہزار سے زائد یمنی شہید، دسیوں ہزار زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب کی طرف سے یمن کی ناکہ بندی کی وجہ سے یمن کو اشیاء خوردونوش اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔