فلسطینیوں کے ہاتھوں اسرائیل کے ڈرون طیارے کی تباہی
فلسطینی نوجوانوں نے غرب اردن کے شہر رام اللہ کے مغرب میں غاصب صیہونی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کا یہ ڈرون طیارہ ہفتے کے روز غرب اردن کے شہر رام اللہ کے مغرب میں واقع علاقے النبی صالح میں مار گرایا گیا۔ غاصب صیہونی حکومت کی جلبوع جیل سے چھے فلسطینی قیدیوں کا اپنی جان بچا کر وہاں سے کامیابی کے ساتھ بھاگ نکلنے اور مقبوضہ علاقوں کی صورت حال کشیدہ ہو جانے کے بعد فلسطینی ذرائع ابلاغ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے شمالی، وسطی اور جنوبی علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی جلبوع جیل سے چھے فلسطینی قیدیوں کا اپنی جان بچا کر وہاں سے کامیابی کے ساتھ بھاگ نکلنے کا دلیرانہ اقدام، غاصب صیہونی حکومت کے لئے بڑی سیکورٹی شکست شمار ہوتا ہے۔ایسی صورت حال میں فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ جیل سے جان بچا کر نکلنے والے ان چھے فلسطینیوں سمیت کسی بھی فلسطینی قیدی کو اگر کوئی گزند پہنچی تو فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں کی جانب سے اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔