شمالی عراق میں ایک ترک فوجی مارا گیا
Sep ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
حکومت عراق کی اجازت کے بغیر اس ملک کی سرزمین میں غیر قانونی طور پر موجود ترک فوج کے 2 اور سپاہی ہلاک و زخمی ہوگئے۔
ترکی کی وزارت دفاع سے جاری بیان میں آیا ہے کہ شمالی عراق کے پنجہ رعد نامی علاقے سے پی کے کے کے ایک گروہ کی طرف سے ہوئی فائرنگ میں ترک فوج کا ایک سپاہی مارا گیا اور ایک زخمی ہوا۔ ترکی کی فوج ایسی حالت میں عراقی سرزمین میں موجود ہے کہ حکومت بغداد اس موجودگی کو ناجائز قبضہ کے مترادف مانتے ہوئے بارہا اسکی مذمت کر چکی ہے۔
سنیچر کے روز بھی شام کے صوبے ادلب میں ترکی کی گشتی اکائی پر حملہ ہوا تھا جس میں 5 ترک فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد ترک وزیر دفاع خلوصی آکار سمیت اس ملک کے دیگر اعلی عہدیداروں نے صوبے ھاتای اور شام سے ملی ترکی کی سرحد کے زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا تھا۔
ترک وزارت دفاع کے بیان میں آیا ہے کہ پی کے کے کےذیلی گروہ وائی پی جی کے 4 عضو، چشمہ صلح نامی علاقے میں اس وقت مارے گئے جب وہ ترکی کی سرزمین میں نفوذ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی نے دہشتگردوں سے نمٹنے کے بہانے دو سال سے زیادہ مدت سے شام اور عراق کے کئی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے جسکی شامی عوام اور حکومت کے علاوہ عالمی برادری بھی مذمت کرتی رہی ہے۔