فلسطینی قیدیوں پر صیہونی حکومت کا تشدد
فلسطینی ذرائع نے صیہونی جیل جلبوع میں بند فلسطینی قیدیوں کو زد و کوب کئے جانے کی خبر دی ہے۔
ارنا نیوز نے فلسطینی قیدیوں کے امور کی نگراں کمیٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی جیل کے اہلکاروں نے جلبوع جیل کے سیل نمبر تین کے نوے قیدیوں کو شطہ جیل کی جانب منتقل کرنے کے دوران انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اُن کے ساتھ مار پیٹ کی۔
رپورٹ کے مطابق زد و کوب اور تشدد کا یہ سلسلہ شطہ جیل میں فلسطینی قیدیوں کو منتقل کر دئے جانے کے بعد بھی کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے جلبوع جیل سے چھے فلسطینی قیدیوں کے کامیاب فرار کے بعد سے صیہونی جیلروں نے فلسطینی قیدیوں پر تشدد کے سلسلے کو مزید تیز کر دیا ہے۔
اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ جلبوع جیل سے فرار ہونے والے فلسطینی زکریا الزبیدی کو دوبارہ گرفتار کرنے کے بعد صیہونیوں نے ان کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد انہیں علاج معالجے کے لئے اسپتال جانے کی ضرورت پیش آئی۔
مزید پڑھیئے: صیہونیوں کے تشدد کے بعد ایک فلسطینی قیدی کوما میں
صیہونی حکومت کے حالیہ تشدد پسندانہ اقدامات کے جواب میں فلسطینی تنظیموں نے مصر کے ذریعے صیہونی حکام تک یہ پیغام پہنچوایا ہے کہ اگر فلسطینی قیدیوں کے ساتھ صیہونیوں کے تشدد کا سلسلہ جاری رہا تو پھر جنگ بندی کے حوالے سے ہوئے تمام معاہدے ختم کر دئے جائیں گے۔