یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملے
جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مختلف صوبوں کے رہائشی علاقوں پر شدید بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مآرب، البیضاء، تعز اور الجوف صوبوں پر وحشیانہ بمباری کی ہے ۔
سعودی بمبار طیاروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران صرواح، ماہلیہ، جبل مراد اور رحبہ پر انیس بار بمباری کی۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ البیضاء اور صوبہ صعدہ پر چار مرتبہ اور تعز و الجوف صوبوں نیز نجران کے سرحدی علاقوں کو کئی بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
جارح سعودی اتحاد کے یہ حملے ایسے عالم میں انجام پائے ہیں کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے کچھ گھنٹے قبل صعدہ کے کتاف علاقے میں ایک سعودی جاسوس طیارے کو مارگرایا ہے۔
سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر فضائی، بری اور بحری حملوں کے ساتھ ہی اس کا محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔
جارح سعودی اتحاد کی جارحیتوں کے نتیجے میں اب تک سترہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید ، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں دربدر اور بے گھر ہوچکے ہیں۔