Sep ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
  • افغانستان کے مسائل پر عالمی سفارتکاری کا سلسلہ جاری

ایران، پاکستان، چین اور روس کے اعلیٰ سفارتکاروں نےشانگھائی سربراہی اجلاس کی سائڈ لائن پر افغانستان کے سلسلے میں ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق تاجیکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں ہوئی اس ملاقات اور گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ کے مشیر سید رسول موسوی، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف شریک ہوئے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے یہ اعلان کیا ہے کہ مذکورہ چار ممالک کے اعلیٰ سفارتکاروں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

چاروں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں سیاسی و قومی مفادات کے حصول کے لئے تمام گروہوں کی شمولیت کے ساتھ ایک جامع اور وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ناگزیر ہے۔

ایران پاکستان چین اور روس کے سفارتکاروں نے افغانستان میں پھیلی افراتفری کے نتیجے میں ممکنہ طور پر پیدا ہونے والے دہشتگردی کے خطرات اور منشیات کی اسمگلنگ کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی زور دیا۔

یاد رہے کہ طالبان نے پندرہ اگست کو افغانستان میں اقتدار پر قبضہ کر کے اسکے تین ہفتے بعد عبوری حکومت کی کابینہ کا اعلان کر دیا تھا۔

ٹیگس