عراق کے شہر موصل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
عراقی فوج نے شہر موصل میں آپریشن کرکے داعش کی باقیات کے کئی خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ نینوا کے صدرمقام موصل میں تکفیری دہشتگردوں کی باقیات کے خلاف جدید آپریشن انجام دیئے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف عراقی فوج کی ان کارروائیوں کے دوران داعش کے بعض خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر انھیں تباہ کردیا گیا ہے۔
کـچھ دنوں پہلے عراق کی عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا تھا کہ حشدالشعبی کے جوانوں نے منصوبہ بند اور کامیاب کارروائی انجام دے کر جنوبی بغداد میں اربعین حسینی کے پیادہ پا زائرین پر حملے کے لئے داعش کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی و سیکورٹی کمیٹی کے رکن نے کہا ہے کہ امریکی فوجی، اکتوبر کے مہینے سے عراق سے باہر نکلنے کا عمل شروع کردیں گے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی ممبر پارلیمنٹ بدرالزایدی نے کہا کہ عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل جولائی کے مہینے میں واشنگٹن اور بغداد کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی بنیاد پر مرحلہ وار شکل میں انجام پائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یکم جنوری دو ہزار بائیس تک کوئی بھی امریکی فوجی عراق میں باقی نہیں رہے گا۔