Sep ۲۰, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • زائرین حسینی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے: عراقی وزیر دفاع

عراق کے وزیر دفاع نے اربعین حسینی کے موقع پر کربلا کی سمت جانے والے زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے مقصد سے مزید احکامات جاری کئے ہیں۔

عراق کی موازین نیوز کے مطابق عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون نے کربلا آپریشن یونٹ کے کمانڈروں اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہوئے ایک اجلاس میں کربلا کے تمام صحرایی علاقوں، زمینی سرحدوں کو تمام تر دقت نظر کے ساتھ مانیٹر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کربلا صوبے کی جانب آنے والے تمام راستوں کی سکیورٹی پر گہری نظر رکھی جائے اور سکیورٹی و انٹیلیجینس اقدامات مزید مستعدی کے ساتھ انجام پائیں۔

عراقی وزیر دفاع عناد سعدون نے کربلا کے گورنر ہاؤس پہنچ کر گورنر نصیف جاسم الخطابی سے بھی ملاقات کی جس میں اربعین حسینی کے پیش نظر صوبہ کربلا کی سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال اور انجام شدہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سکیورٹی حکام کے ساتھ عراقی وزیر دفاع کی میٹنگ

دوسری جانب عراق کے بابل صوبے کی پولیس کے کمانڈر نے خبر دی ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں جن کے تحت اٹھارہ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بیس صفر مطابق ستائس ستمبر کو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کا چہلم یا یوم اربعین ہے جس کے پیش نظر دسیوں لاکھ عراقی و غیر عراقی زائرین کربلا پہنچ رہے ہیں۔

ٹیگس