دو دہائیوں میں مشکلات کے باعث عوام کے شایان شان زندگی فراہم نہ ہو سکی، انتخابات حالات کو بدل سکتے ہیں: عراقی صدر
عراق کے صدر نے زور دے کر کہا ہے کہ انتخابات کے بارے میں مراجع کرام کے بیانات اہم اور گرانقدر رہنمائی کے حامل ہیں جس میں تاریخ کے اس حساس دور میں وطن سے محبت پر زور دیا گیا ہے ۔
الحدث ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر برہم صالح نے انتخابات کو ملک کے مسائل کے حل اور اقتدار کی پرامن منتقلی کا پرامن وسیلہ قراردیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو شفاف، صاف ستھرا اور ملک کے عوام کے ارادوں کا عکاس ہونا چاہئے، ایسا ارادہ جو سرپرستی اور مداخلت سے دور اور انتخابات کے نتائج میں خرد برد سے پاک ہو۔
برہم صالح نے کہا کہ ہمیں اعتراف کرنا چاہئے کہ سن دوہزار تین سے جب سے ملک کا اقتدار ہمارے ہاتھ میں آیا ہے عراق کے عوام بہتر زندگی کے لائق تھے، لیکن ہمیں ناکامیوں، مسائل اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
عراق کے صدر نے زور دے کر کہا کہ آج تقریبا بیس سال ہو رہے ہیں لیکن ہمیں ماننا پڑے گا کہ حکومت کے ڈھانچے میں کچھ خامیاں ہیں اور ان کی حقیقی اصلاح کی ضرورت ہے۔
عراق کے پارلیمانی انتخابات دس اکتوبر کو ہوں گے۔