سکیورٹی خدشات اور مہنگائی سمیت طالبان کو متعدد چیلنجوں کا سامنا
طالبان نے افغان دارالحکومت کابل سیمت ملک میں کہیں بھی امن و سیکورٹی میں خلل ڈالنے والوں کو انتباہ دیا ہے۔
کابل سے ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق کابل پولیس کے سربراہ مولوی نورربانی نے اتوار کو کابل میں امن و سیکورٹی میں خلل ڈالنے والے کچھ عناصر کی گرفتاری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کہیں بھی خاص طور سے کابل میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
افغانستان میں طالبان نے زور دے کر کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں عوام کو تحفط فراہم کرنے اور امن و امان قائم کرنے کی پابند ہے اور کوئی شخص یا گروہ اگر افغان شہریوں کے امن و سیکورٹی کو درہم برہم کرے گا تو اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔
طالبان نے افغان ذرائع ابلاغ کو گروہ طالبان کے بجائے امارت اسلامی افغانستان کا عنوان استعمال کرنے کا پابند بنایا ہے۔ آفغان آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغان میڈیا کو علیحدہ علیحدہ خطوط بھیج کر ان سے مطالبہ کیا ہے کہ گروہ طالبان کے بجائے امارت اسلامی افغانستان کی لفظ استعمال کریں۔
اس خط میں جس پر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے دستخط ہیں، ذرائع ابلاغ کوحکم دیا گیا ہے کہ وہ نوجوان نسل کو ملک چھوڑنے کی ترغیب نہ دلائیں اور تمام ادیان کی ترویج نہ کریں۔
درایں اثنا جرنسلٹ سیفٹی کمیٹی کے کوارڈی نیٹر برائے ایشیا اسٹیفن بٹلر نے کہا ہے کہ طالبان اپنے اس اقدام سے قانونی حیثیت حاصل کرنا اور خود کو تسلیم کرانا چاہتے ہیں۔ ہیومن رائٹ واچ کی رپورٹ کے مطابق پندرہ اگست سے طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد کم سے کم تیئس صحافیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے بعض صحافیوں کو سخت زد و کوب بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے سویل ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نے بیرونی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لئے کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی آمادگی کی خبر دی ہے۔ آفغان آوا کی رپورٹ کے مطابق تکنیکی خرابیاں دور کرنے کے بعد کابل انٹرنیشنل ایرپورٹ سے غیرملکی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اس ایئرپورٹ سے گذشتہ چند دنوں کے دوران قطر، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے لئے پروازیں شروع ہوگئی ہیں
درایں اثنا افغانستان کے ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان محمد نعیم صالحی نے کہا ہے کہ ہم نے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مکمل سیکورٹی میں کابل سے اپنی پروازیں شروع کرسکتے ہیں۔
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ کابل ایئرپورٹ پر بیرونی پروازوں کے ٹکٹ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
افغانستان کی سیاحتی کمپنیوں کی یونین کے سربراہ مسعود بینا نے تصدیق کی ہے کہ غیرملکی سفر کے لئے ٹکٹ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے یہاں تک کہ کابل سے اسلام آباد کے لئے ٹکٹ کی قیمت دوسو ڈالر سے بارہ سو ڈالر تک بڑھ چکی ہے تاہم انھوں نے قیمتوں میں افزایش کی وجہ نہیں بتائی۔