صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر آل خلیفہ کا حملہ
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جمعہ کو سکورٹی اہلکاروں نے صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر حملہ کیا۔
مظاہرین منامہ میں صیہونی سفارتخانے کی طرف حرکت کر رہے تھے کہ بحرینی پولیس نے ان پر آنسو گیس کے گولوں اور پیلٹ گن سے حملہ کر دیا۔
الجزیرہ کے مطابق، یہ مظاہرہ، آل خلیفہ حکومت کے صیہونی حکومت سے تعلقات بحال کرنے کے خلاف منعقد ہوا۔
ابھی کچھ دن پہلے آل خلیفہ حکومت نے ”ابو صبیع “ اور ” الشاخورہ “ کے دسیوں لوگوں کو صیہونی حکومت سے سازباز کے خلاف مظاہرہ کرنے پر، حمد سٹی سینٹر میں طلب کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی وزیر خارجہ یائیر لپید نے گذشتہ جمعرات کو بحرین میں صیہونی سفارتخانے کے افتتاح کے لئے منامہ کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے بحرینی حاکم حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ملاقات بھی کی تھی۔
دوسری طرف بحرین کے جزیرہ سترہ کے عوام نے بھی صیہونی حکومت سے تعلقات کی بحالی کے خلاف جمعہ کو مظاہرہ کیا۔ آل خلیفہ کے سکورٹی اہلکاروں نے جزیرہ سترہ کے مظاہرین پر حملہ کر کے انہیں منتشر کر دیا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر آنے والی تصویروں اور خبروں سے ظاہر ہے کہ بحرینی سکورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس، ساؤنڈ بم یا پلاسٹک کی گولیوں سے حملہ کیا جس میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم تھا اور وہ بحرینی حکومت کی صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی پالیسی اپنانے کی مذمت کر رہے تھے۔
منامہ کے جنوب میں واقع سترہ شہر میں گذشتہ جمعے کو بھی مظاہرہ ہوا تھا جسے آل خلیفہ کے سکورٹی اہلکاروں نے کچلنے کی کوشش کی۔ یہ مظاہرہ صیہونی وزیر خارجہ کے منامہ دورے کی مخالفت میں ہوا تھا۔