عراق کے 10 صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان
عراق کے الیکشن کمیشن نے دس صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کر دیا۔
واع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے چیف الیکشن کمشنر جلیل عدنان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں دس صوبوں منجملہ دیالہ، دیوانیہ، المثنی، میسان، واسط دہوک، صلاح الدین، کربلا، نجف اور اربیل کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ اعلان کئے جانے والے ان نتائج کا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل ترجمان الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ ہاتھوں سے گنے جانے والے ووٹوں اور الیکٹرانک سسٹم کے تحت ووٹوں کی ہونے والی گنتی میں مطابقت پائی جاتی ہے۔عراق کے الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرن آؤٹ اکتالیس فیصد رہا ہے۔ واضح رہے کہ عراق میں اتوار دس اکتوبر کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔