Oct ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • شام کی جولان کی پہاڑیوں کو ہڑپنے کے لئے صیہونیوں کا نیا منصوبہ

صیہونی وزیر اعظم نفتالی بینت نے شام کے مقبوضہ علاقے جولان میں دو نئی بستیوں کی تعمیر کی خبر دی ہے۔

نفتالی بینت نے کہا کہ اسرائیل جولان کی پہاڑیوں پر رہنے والوں کی تعداد دوگنی اور وہاں دو نئی بستیاں قائم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے جولان کی پہاڑیوں کو فوجی حکمت عملی کے لحاظ سے اہم اہداف میں شمار کیا اور اسکی آبادی کو دوگنا کرنے کو خود ساختہ صیہونی حکومت کے اہداف میں قرار دیا۔

صیہونی وزیر اعظم نے کہا کہ انکی کابینہ جولان کی پہاڑیوں سے متعلق ایک منصوبے کو پاس کرنے کے لئے چھ ہفتے کا اجلاس کرے گی۔

صیہونی وزیراعظم نےجولان کی پہاڑیوں کے حوالے سے اپنی ہرزہ سرائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اُسے خود ساختہ صیہونی ریاست کا ایک حصہ قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ جولان کی پہاڑیوں شام کے قنیطرہ صوبے کا حصہ ہے جس پر صیہونی ٹولے نے 1967کی چھ روزہ جنگ میں قبضہ کیا اور 1982 میں اسے مقبوضہ فلسطین میں شامل کر لیا۔ صیہونیوں کے اس اقدام کو عالمی برادری نے ابھی تک قانونی حیثیت نہیں دی ہے۔

ٹیگس