جولانی حکومت سے جنوب مغربی شام سے ہتھیار ہٹانے کا غاصب اسرائیلی حکومت کا مطالبہ
اطلاعات کے مطابق غاصب اسرائيلی حکومت نے شام کی جولانی حکومت سے جنوب مغربی شام سے ہتھیار ہٹالینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے شام کی عبوری حکومت کے سربراہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شام کے جنوب مغربی علاقے کو اسلحے سے خالی کردیا جائے۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہمارے لئے اہم یہ ہے کہ جولانی جنوب مغربی شام سے اسلحہ ہٹالیں۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہمارے لئے زمینی تغیرات اور یہ بات اہم ہے کہ شام ہمارے لئے پر امن اور ہر طرح کے خطرے سے عاری رہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے اسی کے ساتھ کہا کہ واشنگٹن نے مشرق وسطی اور افغانستان میں جو سرمایہ کاری کی ہے، اس کے مقابلے میں ہمارے لئے امریکی حمایت بہت کم ہے۔ نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حکومت امریکہ کی واحد اتحادی ہے جس نے اپنے دفاع کے لئے امریکی فوج کی درخواست نہیں کی ہے اور دوسروں سے یہ نہیں کہا ہے کہ اس کی طرف سے جنگ کریں۔