فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے راستے میں اہم رکاوٹ دور، صیہونی قیدیوں کی رہائی کے لئے حماس نے شرط لگائی
فلسطین کی تحریک حماس کی فوجی شاخ قسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اسرائیلی قیدی استقامتی محاذ کی شرطوں پر رہا ہونگے۔
عزالدین قسام نے اپنے ٹیلیگرام اکاؤنٹ میں 4 صیہونی قیدیوں کی تصویر شائع کرنے کے ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ صیہونی فوجی صرف استقامتی تنظیم کی شرطوں پر ہی رہا ہونگے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق، عز الدین قسام بریگیڈ نے سنیچر کو کہا کہ جب تک فلسطینی قیدی رہا نہیں ہو نگے اس وقت تک اسرائیلی فوجی بھی رہائی کا منہ نہ دیکھ پائیں گے اور حماس اس شرط پر صیہونی حکومت کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے کے لئے تیار ہے کہ وہ استقامتی محاذ کے مطالبوں کو مانے۔
اس درمیان حماس کے پولت بیورو کے ممبر خلیل الحیہ نے صیہونی حکومت کو فلسطینی اسیروں بالخصوص بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کو زد و کوب کرنے کے انجام سے خبردار کیا۔ا انہوں نے کہا شالیت معاہدے کی سالگرہ پر ہم فلسطینی قیدیوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ ہم انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
اسی طرح انہوں نے حماس کے اعلی عہدیداروں پر مشتمل وفد کے قاہرہ دورے اور انکی مصر کے خفیہ ادارے کے عہدیداروں سے ملاقات کے نتیجے کے بارے میں کہا کہ ان ملاقاتوں میں مصر کے ساتھ روابط، غزہ کی ناکہ بندی اور اسکی تعمیر نو، قیدیوں کے معاملے اور صیہونی دشمن کے حملوں کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔