Oct ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • مدحت الصالح کا قتل صیہونیوں کی مجرمانہ سرشت اور غنڈہ گردی کی عکاس ہے: فلسطینی تنظیمیں

فلسطینی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں شام کے سابق رکن پارلیمنٹ مدحت الصالح کے ‍قتل کو پوری امت مسلمہ کے خلاف جارحیت کے مترادف قرار دیا۔

فلسطین الیوم کے مطابق فلسطینی گروہوں نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ آزاد شدہ قیدی مدحت الصالح کے قتل سے متعلق صیہونیوں کے اقدام سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ تل ابیب کی مجرمانہ ماہیت اور اس کی غنڈہ گردی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

فلسطینی گروہوں کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس قتل و جارحیت نے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں صف آرائی کے لئے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کو مزید آشکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونیوں نے ہفتے کے روز مقبوضہ جولان میں ایک اور جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے صیہونی جیل سے رہا ہونے والے شام کے سیاسی رہنما مدحت الصالح کو مجدل شمس میں واقع عین التینہ کے علاقے میں گولی مار کر شہید کر دیا۔

 

ٹیگس