Oct ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • بحرین میں صیہونیت مخالف مظاہرے 

غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے خلاف بحرین کے مختلف علاقوں میں عوامی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

بحرین کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت الوفاق نے کہا ہے کہ  آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کے مظاہرے جاری ہیں۔ بحرین کے عوام، غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ آل خلیفہ حکومت کے تعلقات کی برقراری کے اقدام کے خلاف، مظاہرے کر رہے ہیں۔

جمعیت الوفاق نے کہا کہ ان مظاہروں میں بحرینیوں نے ’اسرائیل مردہ باد‘، ’اسلامی بحرین میں صیہونی سفارتخانے کی اجازت نہیں‘، ’بحرین کی سرزمین سے باہر نکلو‘ اور بحرینی عوام کی استقامت جاری رہے گی، جیسے نعرے لگا کر آل خلیفہ حکومت کے صیہونی حکومت سے تعلقات کی برقراری کی پوری شدت سے مخالفت کی۔

بحرین اور صیہونی حکومت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے پندرہ ستمبر دو ہزار بیس کو وائٹ ہاؤس میں تعلقات بحالی کے معاہدے پر دستخط کئے۔ دو ہفتے قبل غاصب صیہونی حکومت نے اپنے وزیر خارجہ کے دورہ منامہ میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا ہے جس پر بحرینی عوام میں غم و غصہ اور اشتعال پیدا ہو گیا ہے۔

ٹیگس