ایران کے ساتھ خوشگوار تعلقات جاری رہیں گے: لبنانی وزیرخارجہ
لبنان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور بیروت اسے مزید بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
الجدید ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بوحبیب نے ایک لبنانی ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مطلوب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان کے بیانات نے بھی اس سلسلے میں ایران کی پالیسیوں کو واضح کردیا۔
بوحبیب نے ایران کے ایٹمی مذاکرات کے سلسلے میں کہا کہ ان مذاکرات کا اثر لبنان پر بھی پڑے گا۔ لبنانی وزیر خارجہ نے بیروت و ریاض تعلقات کے بارے میں کہا کہ لبنان سعودی عرب سے قریب ہونا چاہتا ہے لیکن ریاض، بیروت کے ساتھ قریبی تعلقات میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
عبداللہ بوحبیب نے اپنے دورہ شام کے امکان کی خبر دینے کے بعد لبنان میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لیا اور کہا کہ ان انتخابات کے مقررہ وقت پر انعقاد کے سلسلے میں عالمی سطح پر کافی دباؤ ہے اور وہ خود بھی آئندہ مہینے تک ان انتخابات کے انعقاد کی تائید کرتے ہیں۔
لبنان کے وزیرخارجہ نے بحری سرحدوں کی تقسیم کے سلسلے میں مذاکرات پر اتفاق رائے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ لبنان اپنی بحری سرحدوں سے ایک اینچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔