یمن، مآرب کے مزید علاقے آزاد کرا لئے گئے
یمن کی مسلح افواج نے صوبہ مآرب میں پیشقدمی کرتے ہوئے مزید کئی علاقے آزاد کرا لئے ہیں۔
اسپوتنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضا کار فورس انصارالله نے جنوبی مآرب کے علاقوں السوده اور الجرشه کو آزاد کرا لیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انصارالله کے جوان الختله اور یعره کے علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بہارفتح نامی آپریشن کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ مآرب کے الجوبہ اور جبل مراد اضلاع پوری طرح آزار ہوگئے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اس مرحلے کی کارروائی میں حاصل ہونے والی کامیابی میں مآرب کے قبائل کے نمایاں کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس آپریشن میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید ایجنٹوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے ۔ یحیی سریع نے مآرب میں دھوکے اور غلط فہمی کا شکار افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ فورا جنگی کارروائیاں بند کردیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں جو انھیں حاصل ہوا ہے اور یہ موقع زیادہ دنوں تک نہیں رہے گا ۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن کی مسلح افواج پورے ملک کو غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرا کر ہی دم لے گی ، مآرب کے شہریوں کو یقین دلایا کہ ملک کی فوج یمنی عوام کو سیکورٹی فراہم کرے گی اور ان کی جان و مال کی حفاظت کرے گی ۔اس سے قبل یحیی سریع نے بہار پیروزی نامی آپریشن میں صوبہ مآرب کے جبل مراد اور الجوبہ اضلاع نیز صوبہ شبوہ کے عسیلان، بیجان ، اور عین اضلاع کی آزادی کی خبردی تھی۔