Oct ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

شمالی عراق میں عام شہریوں پر داعش کے دہشت گردوں کے حملے میں چارافراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

عراق کی واع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی فیڈرل پولیس اور الحشد العشائری نامی رضاکار فورس نے دہشتگرد عناصر کو پکڑنے کے لئے صوبہ صلاح الدین کے الحوائج علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

داعش دہشتگردوں نے ان عام شہریوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے جو مکحول کی پہاڑیوں میں واقع الحوائج دیہات کے قریب کام میں مصروف تھے۔ اس دہشتگردانہ حملے میں دو عام شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

 مکحول پہاڑی سلسلہ شام و عراق کے سرحدی علاقے کے قریب اور عراقی صوبے نینوا اور مشرقی شام کے صوبہ حسکہ کے درمیان واقع ہے۔

درایں اثنا بغداد کے المنصور علاقے میں تین کاٹیوشا راکٹ فائرکئے جانے کی خبر ہے جس سے اس علاقے میں مالی نقصان ہوا ہے۔ عراق کے ایک باخبر سیکورٹی عہدیدار نے شفق نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کی صبح المنصور علاقے کی جانب تین کاٹیوشا میزائل فائر کئے گئے ہیں جن میں سے ایک احمر ہاسپیٹل کے قریب اور دوسرا الامیرات روڈ پر گرا جبکہ تیسرا راکٹ واٹر سپلائی کے ادارے کے اندر پھٹا ہے۔

 عراقی سیکورٹی ذریعے کا کہنا ہے کہ اس راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم مالی نقصان ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں ایک گاڑی اور واٹر سپلائی کے ادارے کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بغداد کے الکرخ علاقے اور المنصور علاقے کے قریب سے کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی تھیں۔

ٹیگس