Nov ۰۵, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب معافی مانگے: حزب الله

حزب الله کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے سعودی عرب سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کو اس بات کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ اس نے اپنے حامیوں کو جو رقم دی وہ اس سے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

المنار کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب الله  کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری شیخ نعیم قاسم نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں  ریاض سے کہا ہے کہ وہ اپنی دشمنی کی وجہ سے لبنانی عوام  سے معافی مانگے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ موجودہ بحران کی ایک وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب کچھ اس قسم کی صورتحال سے دوچار ہوا ہے کہ وہ علاقے میں اپنے نقصانات کو برداشت نہیں کر سکتا اس لئے اس نے لبنان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

حزب الله  کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے لبنان کے خلاف سعودی عرب کے حالیہ اقدامات کو یمن کے صوبے مآرب میں سعودی اتحاد کی شکست اور اسے ہونے والے بڑے نقصان کی وجہ قراردیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب لبنان پر دباو بڑھا کر یمن کی موجودہ صورتحال سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے ایک ٹی وی انٹرویو کے بعد جو، انہوں نے عہدہ سنبھالے سے پہلے ریکارڈ کرایا تھا، خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کے ساتھ لبنان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات جارج قرداحی نے مذکورہ انٹرویو میں جنگ یمن کو فضول قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد سعودی عرب کے ساتھ ساتھ عرب امارات اور بحرین نے جارج قرادحی کے بیان سے چراغ پا ہوکر، لبنان سے اپنے سفیروں کو واپس اور لبنانی سفیروں کو اپنے ملک سے چلے جانے کا حکم دیا ۔

ٹیگس