داعش کے خفیہ اڈے پر راکٹ حملے
عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے شمالی بغداد کے الطارمیہ علاقے میں داعش کے خفیہ اڈے پر راکٹ حملے کئے ہیں۔
الحشدالشعبی نے اتوار کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ الحشدالشعبی کی بارہویں بریگیڈ نے بغداد کے شمال میں واقع الطارمیہ ضلع میں داعش دہشتگرد گروہ کے خفیہ اڈے کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا اوراس علاقے میں ان کی مداخلت کی کوششیں ناکام بنا دیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی ، الطارمیہ میں داعش کی باقیات کے خفیہ اڈوں کونشانہ بنانے کی کوششیں جاری رکھے گی اور دہشتگرد عناصر کو اس علاقے میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گی۔
الحشدالشعبی کے جوانوں نے سنیچر کو بھی سامراء کے جنوب میں یثرب کے علاقے میں داعش کے حملے کو پسپا کردیا تھا۔ الحشدالشعبی کے انفارمیشن سینٹر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی باقیات پرمشتمل ایک گروہ یثرب کے علاقے میں حملہ کرنے کی کوشش کررہا تھا جسے عوامی رضا کار فورس نے ناکام اوردہشتگردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔