Nov ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۵۵ Asia/Tehran
  • قیدیوں کی رہائی کے لئے بحرینی عوام کا مظاہرہ

بحرین کے عوام نے آل خلیفہ کی تانشاہ حکومت کی جیلوں میں قید سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے مظاہرے کئے ہیں۔

ارنا نیوز کے مطابق اتوار کی شام آل خلیفہ کی تانشاہ حکومت کے جیلوں میں بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے تحت قید سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ اور دیگر حریت پسندوں نے مظاہرہ کر کے انکی رہائی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ اطلاعات کے مطابق عبد الجلیل السنیکس نے اپنی غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ ۱۳۰ دنوں سے بھوک ہڑتال کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور روز بروز انکی حالت بگڑتی جا رہی ہے۔

اس درمیان بحرین کی سیاسی تنظیم الوفاق نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ کے کارندوں نے اتوار کے روز سیاسی و سماجی کارکن علی مہنا کو گرفتار کر لیا۔ گزشتہ ہفتے بھی آل خلیفہ حکومت نے جیل میں بند چار نوجوان بحرینی قیدیوں کی مدت قید بڑھا دی تھی۔ ان نوجوانوں کو غاصب صیہونی ٹولے اسرائیل کے خلاف ہوئے مظاہرے میں شرکت کے سبب قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بحرین کا شمار غاصب صیہونی ٹولے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے اور قبلۂ اول کے ساتھ غداری کرنے والے اولیں ممالک میں ہوتا ہے۔ بحرین میں صیہونی سفارتخانے کا افتتاح ہو جانے کے بعد سے اس ملک میں عوامی مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔

ٹیگس