غاصب صیہونی حکومت پورے علاقے کے لئے بڑا خطرہ ہے: فلسطینی رہنما
-
اسماعیل ہنیہ، فلسطینی رہنما (فائل فوٹو)
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے غاصب صیہونی حکومت کو پورے علاقے کے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں اور گرفتار شدہ فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کے لئے منعقدہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ فلسطینی امنگیں صرف فلسطینیوں سے مربوط نہیں ہیں بلکہ یہ مسئلہ تمام عرب قوموں اور دنیا کے تمام حریت پسندوں سے متعلق ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کو رہا کرانا فلسطین کی تحریک مزاحمت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں اور دنیا کے حریت پسندوں میں ایک طرح کی مماثلت پائی جاتی ہے اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوتے ہی یہ غاصب حکومت اپنا وجود باقی نہیں رکھ سکے گی۔
فلسطین کے اطلاع رسانی کے مرکز نے گذشتہ ہفتے خبر دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جیل حکام نے رامون جیل میں فلسطینی قیدیوں کو شدید زدوکوب کیا ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی تقریبا انیس جیلوں میں ساڑھے چار ہزار فلسطینی قیدی موجود ہیں جو جیل کی سخت ترین صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور جن میں سے پانچ سو فلسطینی عمر قید کی بدترین اور غیر منصفانہ سزا کاٹ رہے ہیں۔