عراقی استقامت کو امریکہ پر اعتماد نہیں : النجباء
عراق کی تحریک النجباء نے زور دے کر کہا ہے کہ اسلامی استقامتی گروہوں کو امریکی حکومت کے عراق سے اپنے فوجیوں کو باہر نکالنے کے ارادے پر اعتماد نہیں ہے۔
المعلومہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحریک النجباء کے سیاسی شعبے کے سربراہ حیدر اللامی نے عراق سے امریکہ کے نکلنے کے بارے میں امریکی فریق کی جانب سے وقت کو ضایع کرنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کا ثبات و استحکام، تمام بیرونی فوجیوں کے انخلا حتی ٹرینر اور مشیر فوجیوں کے بھی ملک سے باہر نکل جانے پر منحصر ہے۔
حیدر اللامی نے کہا کہ امریکی پالیسی، بحرانوں کو عراق کے اندر منتقل کرنے پر استوار ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے ایک خطاب میں رواں عیسوی مہینے کے آخر تک عراق سے تمام فوجیوں ، بالخصوص امریکی فوجیوں کے باہر نکل جانے کی خبر دی اور کہا کہ صرف کچھ مشیر اور ٹرینر فوجی، عراقی چھاؤنیوں میں اس ملک کے فوجیوں کی جنگی صلاحیتوں کو بڑھانے اور انھیں ٹریننگ دینے کے لئے باقی رہیں گے۔
عراق میں داعش کی شکست کے بعد بغداد اور واشنگٹن نے گذشتہ چھبیس جولائی کو رواں سال کے آخر تک عراق سے تمام امریکی فوجیوں کے باہر نکل جانے پر اتفاق کیا تھا۔ عراق سے امریکی فوجیوں کے باہر نکلنے میں پس و پیش کے بعد اس ملک کے عوام اور حکومت نے بارہا عراق سے تمام بیرونی فوجیوں کے باہر نکلنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس ملک کی پارلیمنٹ ، بھی امریکی فوجیوں کے انخلاء کے بارے میں ایک بل منظور کرچکی ہے۔