طالبان کی دھمکی کے بعد فاریاب میں مظاہرے ختم
طالبان کے انتباہ کے بعد، افغانستان کے صوبہ فاریاب کے صدر مقام میمنہ میں چار روز سے جاری پرتشدد مظاہرے ختم ہوگئے ہیں۔
افغان نیوز ایجنسی آوا پریس کے مطابق طالبان کے اعلی عہدیداروں کے ایک وفد کے دورے کے بعد شہر میمنہ کی صورتحال پرسکون ہوگئی ہے۔ فاریاب جانے والے وفد میں طالبان کے دو سو نو بریگیڈ کے کمانڈر، جوزان کے گورنر، وزیر زراعت اور فاریاب علما کونسل کے عہدیدار شامل تھے۔
ہفتے کو فاریاب پہنچنے والے طالبان کے وفد نے علاقے کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی بھی دھمکی دی تھی۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ طالبان انتظامیہ نے، اپنے ایک ازبک کمانڈر کو گرفتار کرکے کابل منتقل کیا ہے۔ مخدوم عالم نامی اس کمانڈر پر لوگوں کو یرغمال بنانے کا الزام ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
طالبان انتظامیہ کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے قومیتی بنیاد پر مخدوم عالم کی گرفتاری کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ فاریاب کے صدر مقام میمنہ میں طالبان کے ازبک اور پشتون دھڑوں میں ہونے والے تصادم میں سات افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔