عراق میں اختلافات ختم کرانے کے لئے آیت اللہ العظمی سیستانی سے مداخلت کی اپیل
عراق کی شیعہ جماعتوں کی متحدہ کوآرڈینیشن کمیٹی نے شیعہ جماعتوں اور صدر دھڑے کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لئے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
عراق کی شیعہ جماعتوں کی متحدہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ عراق کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی سے متحدہ شیعہ جماعتوں اور صدر دھڑے کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لئے مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس ذریعے نے حکومت میں شمولیت کے بارے میں دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب آیت اللہ العظمی سیستانی کے ایک قریبی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ اس سلسلے میں ابھی مرجع تقلید ایت اللہ العظمی سیستانی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے تاہم ان کی جانب سے سہولت کاری کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر حکومت قانون اتحاد کے رہنما نوری المالکی کی شمولیت سے مخلوط حکومت بنائے جانے کے خلاف ہیں۔