سعودی عرب، آیت اللہ سیستانی کے وکیل شیخ کاظم العامری گرفتار
سعودی عرب کی حکومت نے ایک اور شعیہ عالم دین کو حراست میں لے لیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سیکورٹی اہلکاروں نے مشہور شیعہ عالم دین شیخ کاظم العامری کو گرفتار کر لیا جبکہ سعودی عرب کی ظالم عدالت نے شیخ عبد اللطیف الناصر کو بھی آٹھ سال کی سزا سنائی ہے۔
سعودی عرب کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ کاظم العامری مرحوم آیت اللہ شیخ محمد العمری کے فرزند اور مدینہ منورہ میں آیت اللہ العظمی سید علی السیستانی دام ظلہ کے وکیل ہیں۔
ان کو 2010 میں بھی گرفتار کیا گیا تھا اور ابھی تک ان کی گرفتاری کا سبب پتہ نہیں چل سکا ہے جبکہ سعودی عرب کے اداروں نے ابھی تک اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی ہے۔
در ایں اثنا 2019 سے سعودی عرب کی جیل میں بند شیخ عبد اللطیف الناصر کو آٹھ سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے خاندان کے ساتھ بحرین جا رہے تھے اور بحرین سے لگنے والی مشترکہ سرحد پر واقع ملک فہد پل پر ان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تقریبا ڈھائی سال گزرنے کے بعد اب ان پر چارج شیٹ لگائی گئی اور مقدمے کی کاروائی شروع ہوئی ہے۔