امریکی صدر کا فیصلہ چوری اور انسانی و اخلاقی انحطاط کی نشانی
طالبان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ہماری رقم چوری کی۔
قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے افغانستان کے منجمد اثاثوں سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مرکزی بینک کے فنڈز پر قبضہ کرنا چوری ہے اور یہ انسانی اور اخلاقی انحطاط کی نشانی ہے۔
واضح رہے کہ کل امریکی صدر جو بائیڈن نے افغان منجمد اثاثوں سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت افغانستان کی 7 ارب ڈالر کی منجمد رقم جاری کی جائے گی۔ آرڈر کے تحت رقم کنسولیڈیڈٹ اکاؤنٹ میں منتقل کرنا ہوگی۔
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ 3.5 ارب ڈالر کی رقم افغانستان میں انسانی امداد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
امریکی حکام کے مطابق باقی 3.5 ارب ڈالر کی رقم امریکا میں ہی رہےگی۔ رقم سے نائن الیون حملوں کے متاثرین کی جاری قانونی چارہ جوئی کی فنڈنگ کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ افغان عوام کی مدد کے لیے آئندہ مہینوں میں ٹرسٹ فنڈ قائم کیا جائےگا۔