وزیر داخلہ ایران اور پاکستانی آرمی چیف کی ملاقات، اہم موضوعات پر ہوا تبادلہ خیال
ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی اور پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک سے جڑے مختلف موضوعات منجملہ سکیورٹی اور سرحدی مسائل پر گفتگو ہوئی۔
آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی اپنی پہلی باضابطہ ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملے۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات سفیرِ ایران سید محمد علی حسینی، سرحدی فورس کے کمانڈر جنرل احمد علی گودرزی اور پاکستان میں تعینات ایران کے فوجی اتاشی کرنل مصطفیٰ قنبرپور بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں ایران و پاکستان سے جڑے مسائل کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں سکیورٹی و سرحدی مسائل کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ وہ آئندہ چند گھنٹوں میں پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید اور اسکے بعد وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات اور گفتگو کریں گے۔