افغانستان کے حالات کے بارے میں طالبان اور یورپی یونین کے نمائندوں کے درمیان گفتگو
قطر میں طالبان کے وفد نے یورپی یونین کے نمائندوں سے انسانی حقوق، صحت اور تعلیم سے متعلق مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔
قطر اور پاکستان، طالبان حکومت کے سب سے بڑے حامی ہیں اور گذشتہ چھے برسوں کے دوران یہ ممالک طالبان کو مضبوط بنانے اور عالمی برادری سے تسلیم کرانے کے لئے کئی اجلاسوں اور ملاقاتوں کی میزبانی کر چکے ہیں۔
طالبان کی عبوری حکومت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ دوحہ اجلاس کے شرکاء نے انسانی حقوق، حفظان صحت، تعلیم اور افغانستان کی ضرورتوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا قطر اجلاس میں طالبان کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ طالبان، افغان معاشرے کے بنیادی حقوق کے پابند ہیں۔
افغانستان کے لئے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے تھومس نکلاسن نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یورپی یونین کے نمائندوں نے دوحہ میں طالبان کے وفد سے ملاقات کی ہے اور انسانی حقوق، خواتین کی تعلیم، خودسرانہ گرفتاریوں اور افغانستان کی امداد جاری رکھنے کے بارے میں گفتگو کی۔