Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • شامی وزیر خارجہ اور یو این کے خصوصی نمائندے کی گفتگو، امریکی موجودگی کی مذمت

شام کے وزیر خارجہ نے ملک کی سرزمین پر غاصب امریکی اور ترک فورسز کی موجودگی کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بتایا۔

فیصل مقداد نے شام کے معاملے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پڈرسن سے ملاقات میں یہ بات کہی۔ اس ملاقات میں طرفین نے شام میں قومی مصالحت کی کوششوں کو مضبوط کرنے اور اس کے دایرہ کو پھیلانے کے علاوہ اس ملک کے سیاسی عمل سے مربوط تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

شام کے وزیر خارجہ نے ملک کی سرزمین کے کچھ حصے پر غاصب امریکی اور ترک فورسز کی موجودگی کو ملک کے اقتدار اعلی، بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کاؤنسل کی سبھی قراردادوں کی خلاف ورزی بتاتے ہوئے کہا کہ شام کے خلاف یکطرفہ طور پر جبری اقدامات اس ملک کے عوام کے رنج و مصائب کی اصل وجہہ ہیں۔

اس ملاقات میں پڈرسن نے کئی ملکوں کے اپنے دورے کے نتائج اور شام میں آئین بنانے والی کمیٹی کے کام کو پھر سے شروع  کرانے کے لئے کی گئی کوششوں کے بارے میں وضاحت کی۔

انہوں نے اس ملاقات کے بعد بیان میں کہا کہ حکومت شام کے ساتھ ہماری گفتگو جاری رہے گی اور میں شام کا آئین بنانے والی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی طرف سے پر امید ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ سوئیزرلینڈ کے جنیوا شہر میں حکومت شام کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی حزب اختلاف کے نمائندوں کے ما بین چھٹے دور کا اجلاس اکتوبر 2021 میں منعقد ہوا تھا۔

 

 

ٹیگس